عآپ کا مودی حکومت پر الزام،وزارت داخلہ کروا رہی ہے بھگوت مان کی جاسوسی
نئی دہلی، 3 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )عام آدمی پارٹی نے مودی حکومت اور مرکزی وزارت داخلہ پر ایم پی بھگوت مان کی جاسوسی کاالزام لگایاہے۔پارٹی نے بدھ کودعویٰ کیاکہ جب بھگوت مان بنگلور میں طبی وجوہ سے تھے تب وزارت داخلہ کے دو افسروں نے بھگوت مان کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔’’آپ‘‘کے لیڈر اشوتوش کا کہنا ہے کہ ملک کے وزیر اعظم کے پاس اور کوئی کام نہیں بچا ہے۔وہ صرف عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کی معلومات اکٹھی کرتے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔انہوں نے پی ایم مودی کونشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہے، دلتوں پر ظلم ہو رہا ہے، لیکن قومی مسائل میں ان کی دلچسپی نہیں ہے۔آشوتوش نے مودی حکومت پر رہنماؤں کی ذاتی زندگی میں دخل دینے کا الزام لگایا ہے۔ان کے مطابق جب بھگوت مان جولائی میں صحت کے معائنہ کیلئے بنگلورگئے تھے۔تب18جولائی کو وہاں وزارت داخلہ کے 2افسر آئے اور مان کی معلومات اکٹھی کرنی چاہیں۔افسروں نے پوچھا کہ بھگوت مان یہاں کیوں آئے، کتنے دن ٹھہرے، کیا علاج چلا، کس کس سے ملے۔ان لوگوں نے 19جولائی کو دوبارہ صحت مرکز آکر معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کی۔عام آدمی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ جاسوسی مودی حکومت کے کہنے پرہوئی۔آپ لیڈر آشوتوش نے کہا کہ بھگوت مان کوئی دہشت گردنہیں ہیں۔نہ کوئی چوری کی ہے اور نہ ان سے سیکورٹی کا ہی کوئی خطرہ ہے۔اگر بھگوت مان اپنی ذاتی زندگی میں جا رہے ہیں تو مودی حکومت وہاں کیوں جاسوسی کروا رہی تھی؟۔